کاروار، 14 (ایس او نیوز) شہر کے امبیڈکر سرکل پر ایک ذہنی مریض نے اے ٹی ایم کا سائرن توڑ ڈالا جس کے بعد اے ٹی ایم بوتھ کا دروازہ اندر سے لاک ہو جانے کی وجہ سے وہ شخص بوتھ کے اندر تقریباً دو گھنٹے تک پھنس کر رہ گیا ۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق علی الصبح تین بجے کے قریب ذہنی مرض کا شکار یہ شخص انڈین بینک کے اے ٹی ایم میں گھس گیا ۔ پھر اس نے وہاں موجود سائرن کو نقصان پہنچایا تو اے ٹی ایم کا خودکار دروازہ بند ہوگیا اور وہ شخص باہر نکل نہیں سکا ۔
صبح پانچ بجے کے قریب وہاں قریب میں موجود ایس بی آئی بینک کے اے ٹی ایم بوتھ کے سیکیوریٹی گارڈ نے جب یہ منظر دیکھا تو اس نے پولیس کو اطلاع دی ۔ اس کے بعد ٹاون پولیس کا عملہ موقع پر پہنچ گیا اور اے ٹی ایم بوتھ کا دروازہ کھلواتے ہوئے ہاسن سے تعلق رکھنے والے مذکورہ ذہنی مریض کو اپنی تحویل میں لیا ۔
معلوم ہوا ہے کہ ذہنی مریض شخص کی اس حرکت سے اے ٹی ایم مشین کو کوئی نقصان نہیں پہنچا اور مشین میں موجود رقم بھی پوری طرح محفوظ تھی ۔